اِختتامیہ

اِس کتاب کا لکھنا میرے لۓ ایک مسرت اور فرحت بخش سفر تھا۔ مجھے اپنے خالق اور فدیہ دینے والے اور اُس کے بے مثال پیغام پر غور کرنے سے بے بیان برکت ملی ہے۔ گذشتہ سال کے دوران مَیں اکثر صبح پو پھٹنے سے پہلے اُٹھ جاتا تھا تو اُس کی حضوری، ہدایت اور راہنمائی بالکل واضح اور عیاں ہوتی تھی۔ لکھنے کے لۓ اگلا خیال میرے دماغ میں گھوم رہا ہوتا تھا۔

شکریہ

مَیں نے ناموں کی ایک لمبی فہرست شامل کرنے سے گریز کیا ہے۔ لیکن اِس میں کوئی شک نہیں کہ یہ کتاب جو کچھ ہے وہ نہ ہوتی اگر میری قابلِ قدر اہلیہ کیرول کی حمایت اور مدد حاصل نہ ہوتی۔ اور اِس کے ساتھ خداداد قابلیت کے حامل دوست اور خاندان کے افراد بیش قیمت مشوروں سے نہ نوازتے۔ سرورق اور خاکے اور نقشے وغیرہ میرے بھائی ڈیو (Dave) کی محنت کا نتیجہ ہیں۔

مَیں دل کی گہرائیوں سے اِن سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

”خدا بے انصاف نہیں جو تمہارے کام اور اُس محبت کو بھول جاۓ جو تم نے اُس کے نام کے واسطے ۔۔۔ ظاہر کی۔۔۔“ (عبرانیوں ٦: ١٠ )۔

مَیں اُن بے شمار مسلم دوستوں کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے اِستفسار کرنے کی خاطر ای۔ میل بھیجیں جن سے مجھے قلم اُٹھانے کی تحریک ہوئی۔

سب سے بڑھ کر مَیں آپ (قارئین) کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اِس سفر میں میرے ساتھ شامل اور شریک ہوۓ۔ مَیں اِس سفر کو مختصر کہتا ہوں کیونکہ یہ بہت طویل ہو سکتا تھا۔ اِس سفر کے دوران ہم نے پاک کلام میں سے جو حوالے پڑھے ہیں وہ بائبل مقدس کی کل آیات کے ٤ فیصد سےبھی کم ہیں۔ چنانچہ اگرچہ ہم سفر کے خاتمے پر آ گۓ ہیں، لیکن دراصل یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے۔

سفر جاری ہے۔

جو لوگ سمجھنا چاہتے ہیں اُن کے لۓ خدا نے اپنا پیغام واضح اور آسان کر دیا ہے، لیکن وہ خود پیچیدہ، عمیق اور بے پایاں اور لاانتہا ہے۔ نہ کوئی فرشتہ اور نہ کوئی انسان اُس کے بارے میں پورے طور سے کبھی جان پاۓ گا۔ مقدس یوحنا رسول نے اپنی انجیل کی آخری آیت میں اِس حقیقت کا بیان کیا ہے:

” اَور بھی بہت سے کام ہیں جو یسوع نے کۓ۔ اگر وہ جدا جدا لکھے جاتے تو مَیں سمجھتا ہوں کہ جو کتابیں لکھی جاتیں اُن کے لۓ دنیا میں گنجائش نہ ہوتی“ (یوحنا ٢١ : ٢٥ )۔

مَیں اِس بات سے متفق ہوں۔ ” ایک خدا، ایک پیغام“ لکھتے ہوۓ سب سے مشکل پہلو یہ انتخاب اور فیصلہ کرنا تھا کہ کون سی آیات شامل کی جائیں اور کون سی چھوڑ دی جائیں۔ بے شک خدا کا کلام جلالی، شاندار، لازوال اور نہ ختم ہونے والا خزانہ ہے۔ یہ روح اور جان کے لۓ لذیذ اور مرغوب ہے، جیسا کہ ہمارے ایک لبنانی دوست کو معلوم ہوا:

”مَیں سمجھتا ہوں کہ یہ کہنا کافی نہیں کہ ' مَیں نے بائبل پڑھ لی ہے'۔ یہ ایسی کتاب ہے جسے مسلسل پڑھتے رہنا چاہۓ۔“ (باب ٧ میں سے)

اب جبکہ آپ نے یہ سفر پورا کر لیا ہے تو آپ چاہتے ہوں گے کہ ” ایک خدا، ایک پیغام“ کو دوبارہ پڑھیں اور جو آیات اِقتباس ہوئی ہیں اُنہیں بائبل مقدس میں سے بھی دیکھیں اور وہ پورا حصہ پڑھیں جہاں سے کوئی آیت لی گئی ہے۔ بہتر ہو گا کہ اپنے خالق کی پوری لائبریری (بائبل مقدس) پڑھیں اور  اِس دعا کے ساتھ پڑھیں:

”میری آنکھیں کھول دے تاکہ مَیں تیری شریعت کے عجائب دیکھوں“(زبور  ١١٩ : ١٨ )۔

اپنے تبصرے، آرا اور سوال مجھے بھی لکھ بھیجیں، خواہ وہ مجھے ایک اَور کتاب لکھنے پر مجبور کر دیں، مجھے خوشی ہو گی۔

مَیں اِن ٣٥٠٠ سال پرانے کلماتِ برکت کے ساتھ ”الوداع“ کہوں گا:

خداوند تجھے برکت دے اور تجھے محفوظ رکھے۔
خداوند اپنا چہرہ تجھ پر جلوہ گر فرماۓ
اور تجھ پر مہربان رہے۔
   خداوند اپنا چہرہ تیری طرف متوجہ کرے
اور تجھے سلامتی بخشے۔“ (گنتی ٦: ٢٤ ، ٣٥ )