February 2014

اِختتامیہ

اِس کتاب کا لکھنا میرے لۓ ایک مسرت اور فرحت بخش سفر تھا۔ مجھے اپنے خالق اور فدیہ دینے والے اور اُس کے بے مثال پیغام پر غور کرنے سے بے بیان برکت ملی ہے۔ گذشتہ سال کے دوران مَیں اکثر صبح پو پھٹنے سے پہلے اُٹھ جاتا تھا تو اُس کی حضوری، ہدایت اور راہنمائی بالکل واضح اور عیاں ہوتی تھی۔ لکھنے کے لۓ اگلا خیال میرے دماغ میں گھوم رہا ہوتا تھا۔

شکریہ

مَیں نے ناموں کی ایک لمبی فہرست شامل کرنے سے گریز کیا ہے۔ لیکن اِس میں کوئی شک نہیں کہ یہ کتاب جو کچھ ہے وہ نہ ہوتی اگر میری قابلِ قدر اہلیہ کیرول کی حمایت اور مدد حاصل نہ ہوتی۔ اور اِس کے ساتھ خداداد قابلیت کے حامل دوست اور خاندان کے افراد بیش قیمت مشوروں سے نہ نوازتے۔ سرورق اور خاکے اور نقشے وغیرہ میرے بھائی ڈیو (Dave) کی محنت کا نتیجہ ہیں۔

مَیں دل کی گہرائیوں سے اِن سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

”خدا بے انصاف نہیں جو تمہارے کام اور اُس محبت کو بھول جاۓ جو تم نے اُس کے نام کے واسطے ۔۔۔ ظاہر کی۔۔۔“ (عبرانیوں ٦: ١٠ )۔

مَیں اُن بے شمار مسلم دوستوں کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے اِستفسار کرنے کی خاطر ای۔ میل بھیجیں جن سے مجھے قلم اُٹھانے کی تحریک ہوئی۔

سب سے بڑھ کر مَیں آپ (قارئین) کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اِس سفر میں میرے ساتھ شامل اور شریک ہوۓ۔ مَیں اِس سفر کو مختصر کہتا ہوں کیونکہ یہ بہت طویل ہو سکتا تھا۔ اِس سفر کے دوران ہم نے پاک کلام میں سے جو حوالے پڑھے ہیں وہ بائبل مقدس کی کل آیات کے ٤ فیصد سےبھی کم ہیں۔ چنانچہ اگرچہ ہم سفر کے خاتمے پر آ گۓ ہیں، لیکن دراصل یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے۔

سفر جاری ہے۔

جو لوگ سمجھنا چاہتے ہیں اُن کے لۓ خدا نے اپنا پیغام واضح اور آسان کر دیا ہے، لیکن وہ خود پیچیدہ، عمیق اور بے پایاں اور لاانتہا ہے۔ نہ کوئی فرشتہ اور نہ کوئی انسان اُس کے بارے میں پورے طور سے کبھی جان پاۓ گا۔ مقدس یوحنا رسول نے اپنی انجیل کی آخری آیت میں اِس حقیقت کا بیان کیا ہے:

” اَور بھی بہت سے کام ہیں جو یسوع نے کۓ۔ اگر وہ جدا جدا لکھے جاتے تو مَیں سمجھتا ہوں کہ جو کتابیں لکھی جاتیں اُن کے لۓ دنیا میں گنجائش نہ ہوتی“ (یوحنا ٢١ : ٢٥ )۔

مَیں اِس بات سے متفق ہوں۔ ” ایک خدا، ایک پیغام“ لکھتے ہوۓ سب سے مشکل پہلو یہ انتخاب اور فیصلہ کرنا تھا کہ کون سی آیات شامل کی جائیں اور کون سی چھوڑ دی جائیں۔ بے شک خدا کا کلام جلالی، شاندار، لازوال اور نہ ختم ہونے والا خزانہ ہے۔ یہ روح اور جان کے لۓ لذیذ اور مرغوب ہے، جیسا کہ ہمارے ایک لبنانی دوست کو معلوم ہوا:

”مَیں سمجھتا ہوں کہ یہ کہنا کافی نہیں کہ ' مَیں نے بائبل پڑھ لی ہے'۔ یہ ایسی کتاب ہے جسے مسلسل پڑھتے رہنا چاہۓ۔“ (باب ٧ میں سے)

اب جبکہ آپ نے یہ سفر پورا کر لیا ہے تو آپ چاہتے ہوں گے کہ ” ایک خدا، ایک پیغام“ کو دوبارہ پڑھیں اور جو آیات اِقتباس ہوئی ہیں اُنہیں بائبل مقدس میں سے بھی دیکھیں اور وہ پورا حصہ پڑھیں جہاں سے کوئی آیت لی گئی ہے۔ بہتر ہو گا کہ اپنے خالق کی پوری لائبریری (بائبل مقدس) پڑھیں اور  اِس دعا کے ساتھ پڑھیں:

”میری آنکھیں کھول دے تاکہ مَیں تیری شریعت کے عجائب دیکھوں“(زبور  ١١٩ : ١٨ )۔

اپنے تبصرے، آرا اور سوال مجھے بھی لکھ بھیجیں، خواہ وہ مجھے ایک اَور کتاب لکھنے پر مجبور کر دیں، مجھے خوشی ہو گی۔

مَیں اِن ٣٥٠٠ سال پرانے کلماتِ برکت کے ساتھ ”الوداع“ کہوں گا:

خداوند تجھے برکت دے اور تجھے محفوظ رکھے۔
خداوند اپنا چہرہ تجھ پر جلوہ گر فرماۓ
اور تجھ پر مہربان رہے۔
   خداوند اپنا چہرہ تیری طرف متوجہ کرے
اور تجھے سلامتی بخشے۔“ (گنتی ٦: ٢٤ ، ٣٥ )

       
    سفر پر نظر ثانی  
    مباحثہ گائیڈ  
    باب کی دہرائی  
       

اِس حصے میں خیالات کو تحریک دینے والے سوالات، اِس انداز میں ترتیب دیئے گئے ہیں کہ آپ کو صحائف کے سفر (مطالعہ) میں زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ کیا آپ انبیا کے خاص پیغام کو سمجھتے ہیں؟ کیا آپ اُس پیغام پر ایمان رکھتے ہیں؟ کیا آپ دوسروں کو خدا کی کہانی سنانے کے لئے تیار ہیں؟ اِس حتمی حصے کے ذریعے سوچ بچار کرنے سے آپ اِن سوالات کے جوابات وضاحت اور اعتماد کے ساتھ دینے کے قابل ہو سکتے ہیں۔

آپ کو باب کی دُہرائی کے اِن سوالات کی فوٹو کاپی کروانے کی آزادی  ہے۔ یہ شخصی یا دوستوں، چھوٹے گروپوں، کلاس روموں، لوگوں، گھروں یا خط و کتابت میں اِستعمال کئے جا سکتے ہیں۔

”اے خدا! مجھے جانچ اور میرے دل کو پہچان ۔۔۔ اور مجھ کو ابدی راہ میں لے چل“ داؤد نبی (زبور ۱۳۹ : ۲۳۔۲۴)۔

       
١
سچائ کو خرید لو
  1. دُنیا میں ۱۰،۰۰۰ مذاہب کی موجودگی میں کیا سچ کو جھوٹ سے الگ کرنا ممکن ہے؟ اپنی ذاتی رائے پیش کریں۔
  2. تاریخ میں بائبل ہمیشہ ترجمہ کی ہوئی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب ہے۔ آپ کے خیال میں یہ کیوں ہر دِل عزیز ہے؟
  3. قرآن مجید کے تین حوالہ جات بتائیں جن میں بائبل کے صحائف کا ذکر ہو۔
  4. کسی پر قابلِ اعتماد بھروسا کرنے کے لئے اُس کے متعلق کیا جاننے کی ضرورت ہوتی ہے؟ آپ کو خدا پر بھروسا کرنے کے لئے اُس کے متعلق کیا جاننے کی ضرورت ہے؟
  5. کیا یقین کے ساتھ یہ جانا جا سکتا ہے کہ ہم ابدیت کہاں گزاریں گے؟ وضاحت سے جواب دیں۔
اپنے الفاظ میں
امثال ۲۳ : ۲۳ کی وضاحت کریں۔ ”سچائی کو مول لے اور اُسے بیچ نہ ڈال۔ حکمت اور تربیت اور فہم کو بھی۔“
٢
رُکاوٹوں پر غالب آنا
  1. ”تم دیکھتے ہو لیکن سمجھتے نہیں“ شیرلک ہالمز (Sherlock Holmes) نے ڈاکٹر واٹسن (Dr.Watson) سے کہا۔ ”دیکھنے“ اور ”سمجھنے“ میں کیا فرق ہے؟
  2. اچھے پڑھے لکھے تین لوگوں کی معذرتوں کی فہرست بنائیں جنہوں نے دُنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب کو سمجھنے کے لئے وقت صرف نہ کیا ہو۔ آپ کا کیا خیال ہے کہ وہ معذرتیں درست ہیں؟
  3. کیا کسی کے شرمناک اندازِ زندگی کے باعث بائبل کے پیغام کو ٹھکرانا عقل مندی ہے جو اُس پر ایمان رکھنے کا دعوی کرتا ہو؟ اپنی حالت واضح کریں۔
  4. ایسے تین راہنما اُصول بتائیں جو بائبل کو سمجھنے میں مددگار ہوں۔
  5. ایک یا دو وجوہات بیان کریں کہ بائبل پرانے اور نئے عہدناموں پر کیوں مشتمل ہے۔
اپنے الفاظ میں
ہوسیع ۶:۴ کی وضاحت کریں۔ ”میرے لوگ عدمِ معرفت سے ہلاک ہوئے۔ “
٣
تحریف شدہ یا اصل حالت میں محفوظ؟
  1. قرآن مجید کے مطابق خدا نے کس مقصد کے تحت بائبل کے صحائف (توریت، زبور، اِنجیل) انسان پر ظاہر کئے؟
  2. خیالات کو تحریک دینے والے تین سوالات کیا ہیں جو آپ کسی ایسے شخص سے پوچھ سکتے ہیں جو یہ دعوی' کرتا ہو کہ بائبل جھوٹ کہتی رہی ہے؟
  3. بہت سے عالم بائبل کو تاریخ کی بہترین دستاویز کے طور سے دیکھتے ہیں۔ کیا آپ اِتفاق کرتے ہیں؟ اپنی کیفیت واضح کریں۔
  4. بائبل کے اصلی مسودہ اور ترجمے میں کیا فرق ہے؟
  5. دو یا تین حقیقی وجوہات بیان کریں جن کی بنا پر لوگ بائبل کو نظرانداز کرتے ہیں۔
اپنے الفاظ میں
لوقا ۱۶: ۳۱ کی وضاحت کریں۔ ”اُس نے اُس سے کہا جب وہ موسی' اور نبیوں ہی کی نہیں سنتے تو اگر مُردوں میں سے کوئی جی اُٹھے تو اُس کی بھی نہ مانیں گے۔ “
۴
سائنس اور بائبل مقدّس
  1. ایسے تین حقائق بتائیں جن کا ذِکر ہزاروں سال قبل بائبل میں ہوا اور اب موجودہ صدی میں جدید سائنس نے اُن کی تصدیق کی ہو۔
  2. کیا بائبل اندھے ایمان یا عقلی ایمان کا تقاضا کرتی ہے؟ وضاحت سے جواب دیں۔
  3. تاریخ اور آثارِ قدیمہ نے بائبل کی صداقت کی تصدیق کیسے کی؟
  4. سورہ ۲: ۲۳ میں کن قرآنی چیلنجز کا ذکر ہے؟ وضاحت کریں۔
  5. کیا سائنس، آثارِ قدیمہ اور شاعری خود بخود وثوق سے یہ تصدیق کر سکتے ہیں کہ "کتابِ مقدس'' خدا کا اِلہامی کلام ہے؟ اپنا دفاع کریں۔
اپنے الفاظ میں
ایوب ۳۸: ۴ کی وضاحت کریں۔ ”تُو کہاں تھا جب مَیں نے زمین کی بُنیاد ڈالی؟ تُو دانش مند ہے تو بتا۔“
۵
خدا کے دستخط
  1. کیا ہم اعتماد کر سکتے ہیں کہ ماضی، حال اور مستقل کے لئے بائبل نے بالکل دُرست بتایا ہے؟ وضاحت کریں۔
  2. بائبل کی پیش گوئیوں اور جادو گروں، افسون گروں، علمِ نجوم رکھنے والوں، غائب کا علم رکھنے والوں کی پیش گوئیوں میں کیا فرق ہے؟
  3. بائبل کی کوئی ایک نبوت بتائیں جس کے پورا ہونے کی تصدیق دُنیاوی تاریخ کرتی ہو۔
  4. بائبل میں نبوت کا مقصد کیا ہے؟
  5. "خدا کی نشانی'' والی نبوت کس طرح پوری ہوئی؟
اپنے الفاظ میں
یوحنا ۱۳: ۱۹ کی وضاحت کریں۔ ”اَب مَیں اُس کے ہونے سے پہلے تم کو جتائے دیتا ہوں تاکہ جب ہو جائے تو تم ایمان لاؤ کہ مَیں وہی ہوں۔“
۶
مستحکم گواہ
  1. آپ کی رائے میں سچ کو ثابت کرنے کے لئے ایک آدمی کی گواہی ناکامی کیوں ہے؟
  2. پوری دُنیا میں ہر کہیں خدا کے متعلق کون سی دو گواہیاں دی گئی ہیں؟
  3. دس لوگوں کے نام بتائیں جن کو خدا نے اِنسان کے لئے خدا کا پیغام لکھنے کے لئے استعمال کیا۔
  4. کسی گواہی کی سچائی کو کیسے آزمایا جا سکتا ہے؟
  5. ہم سچے اور جھوٹے نبی میں فرق کیسے نکال سکتے ہیں؟
اپنے الفاظ میں
متی ۷: ۱۵۔۱۷ پر اظہار خیال کریں۔ ”جھوٹے نبیوں سے خبردار رہو جو تمہارے پاس بھیڑوں کے بھیس میں آتے ہیں، مگر باطن میں پھاڑنے والے بھیڑیئے ہیں۔ اُن کے پھلوں سے تم اُن کو پہچان لو گے۔ کیا جھاڑیوں سے انگور یا اُونٹ کٹاروں سے انجیر توڑتے ہیں؟ اِسی طرح ہر ایک اچھا درخت اچھا پھل لاتا ہے اور بُرا درخت بُرا پھل لاتا ہے۔“
۷
بنیاد
  1. یسوع مسیح کے پہاڑی وعظ میں عقل مند اور بے وقوف آدمی کے درمیان کیا فرق ہے؟ عمارت بنانے اور ایمان لانے کے لۓ مضبوط بنیادوں کی ضرورت کیوں ہے؟
  2. پیدائش کی کتاب (بامعنی اِبتدا) زندگی کے بڑے بھیدوں کے جوابات مہیا کرتی ہے۔ زندگی کے چند بڑے بڑے سوالات کیا ہیں؟
  3. جب ہم کہانی سناتے ہیں تو کہاں سے شروع کرتے ہیں؟ کیوں؟
  4. خدا کی منکشف (ظاہری) سچائی کا موازنہ نباتات اور زیرِ تکمیل چیزوں کے ساتھ کیسے کیا جا سکتا ہے؟
  5. مصنف کے دوست نے لبنان میں ایک بار بائبل کا مطالعہ کرنے سے کیا دریافت کیا؟
اپنے الفاظ میں
یسعیاہ ۵۵: ۹ میں کئے گئے خدا کے اعلان کو بیان کریں۔ ”کیونکہ جس قدر آسمان زمین سے بلند ہے اُسی قدر میری راہیں تمہاری راہوں سے اور میرے خیال تمہارے خیالوں سے بلند ہیں۔“
٨
خدا کس کی مانند ہے
  1. آپ کے خیال میں کیا خدا اپنی کتاب کے پہلے باب میں اپنی ہستی کو ثابت کرنے کی کوشش نہیں کرتا؟
  2. فرشتے کیا ہیں اور اُنہیں کیوں خلق کیا گیا ہے؟
  3. خدا واحد کیسے ہو سکتا ہے، جبکہ وہ ایک وقت میں ہر جگہ پر موجود ہوتا ہے؟
  4. ہمارے لئے خدا کی شخصیت اور کردار کو سمجھنا کیوں ضروری ہے؟
  5. خدا کے ۶ خصائل بیان کریں جن کا مظاہرہ اُس نے تخلیق کے ایام میں کیا۔ کیا اُن ۶ میں سے ایک ایسا ہے جس کے لئے آج آپ خصوصاً شکرگزار ہیں؟ کیوں؟
اپنے الفاظ میں
زبور ۳۳: ۹ کی وضاحت کریں۔ ”کیونکہ اُس نے فرمایا اور ہو گیا۔ اُس نے حکم دیا اور واقع ہوا۔“

Pages